the etemaad urdu daily news
آیت شریف حدیث شریف وقت نماز

ای پیپر

انگلش ویکلی

To Advertise Here
Please Contact
editor@etemaaddaily.com

اوپینین پول

کیا آپ کو لگتا ہے کہ روتوراج گائیکواڑ چنئی سپر کنگز کے لیے اچھے کپتان ثابت ہوں گے؟

جی ہاں
نہیں
کہہ نہیں سکتے
حیدرآباد ۔۲۶؍جون( پریس نوٹ) خالق کائنات قادر مطلق رب العلمین معبود حقیقی اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضور ختمی مرتبت کو سید البشر، خاتم النبیین، رسول انسانیت، رحمۃ للعلمین ؐ بنا کر اس جہان رنگ و بو میں جلوہ گر فرمایا اور ساری انسانیت کو عزت و شرف سے سرفراز کیا اور جن بندوں نے آقاے دو جہاں ؐ کی دعوت حق توحید و رسالت پر لبیک کہا انھیں اللہ تعالیٰ نے ایمان و یقین کی دولت سے مالا مال کر کے سارے انسانوں میں ممتاز کیا اور سعادت دائمی سے نوازا اور انہی اہل ایمان کو اپنی عبادات خاص کا حکم عطا کر کے انھیں دنیوی و اُخروی فوز و فلاح سے ہم کنار فرمایا۔ انسان اور جن کی تخلیق کا مقصد محض معبود حقیقی اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے۔ جو اس مقصد کی تکمیل میں جذبہ اطاعت کے ساتھ مشغول رہتے ہیں انھیں دنیا اور آخرت میں تمام نعمتوں سے بہرہ مند کر کے تقرب خاص کی منزلت پر فائز کیا جاتا ہے۔ نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج فرض عبادتیں ہیں جن کی اخلاص اور مداومت کے ساتھ پابندی درحقیقت اطاعت حق تعالیٰ، اتباع رسالت ؐ، ایمان و اسلام کے تابناک دلائل اور مقصد تخلیق کے ضمن میں مومنانہ شعار اور تقاضہ عبدیت ہے فرض عبادتوں کے ساتھ ساتھ تمام احکام الٰہیہ اور ارشادات نبوی ؐکی فرمانبرداری اور تعمیل لازمی ہے تا کہ مسلمان صحیح معنوں میں اپنے خیر الامم ہونے کا ثبوت دے سکیں اور ساری دنیا کو اسلام کی عظمت اور تعلیمات کتاب و سنت کے دائمی انوار سے فیض یاب ہونے کی طرف مائل کر سکیں۔ فرائض دین کی ادائیگی، حقوق کی حفاظت، صداقت فکر، اعمال صالح، صاف ستھرے معاملات، قول و عمل کی یکسانی، ہمدردی و ایثار اور عمدہ معاشرت ایک سچے اور پکے مسلمان کی معروف شناخت ہے۔ بلا شبہ عبادت صوم ان تمام خوبیوں کی جامع اور بندہ کو کامل طور پر رجوع الی اللہ کرنے کا موثر سبب ہے۔ روزہ دار نماز پنجگانہ باجماعت ادا کرتا ہے، دن میں اکل و شرب و جماع سے محترز رہتا ہے تو راتوں میں نماز تراویح، قرآن پاک کی تلاوت و سماعت، ذکر و تسبیح، تحمید و تمجید سے خود کو آراستہ کرتا ہے اپنے تمام اعضاء و جوارح کو معصیت سے بچاتا ہے، مستحق اور قابل توجہ لوگوں سے ہمدردی اور ان کی بے لوث خدمت، رحم و مروت، لوگوں کی خیر خواہی و بھلائی اور خدمت خلق کے ضمن میں دامے، درمے، سخنے، قدمے مالی ایثار، خیرات، صدقات اور انفاق فی سبیل اللہ و نیز فریضہ زکوٰۃ کی ادائیگی سے مخلوق خدا کی مخلصانہ اعانت کے ذریعہ رضاے حق تعالیٰ اور رسول مقبول ؐ کی خوشنودی کی دولت سے مالا مال ہو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے ۷؍رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجد قادریہ احمد نگر فرسٹ



لانسر اور بعد نماز عصر حمیدیہ،سبزی منڈی میں روزہ دارمصلیوں کے اجتماعات سے خطاب کا شرف حاصل کیا۔ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) اور انتظامیہ مساجد کے تعاون سے منعقدہ انیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے ساتویں دن کے اجلاسوں کا آغازقراء ت کلام پاک سے ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک مومنین پر اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے رمضان کو تمام سال کے مہینوں پر شرف و فضیلت حاصل ہے اس ماہ میں فرائض دین میں سے اکثر ایک ساتھ انجام پاتے ہیں۔ اس طرح مقصد تخلیق کی روح پرور اور ایک حد تک تکمیل اس ماہ مبارک میں بطور خاص نمایاں ہوتی ہے۔ ایک مخلص بندے کو ماہ رمضان المبارک کی عبادتیں ر وح کی بالیدگی اور قلب کی تسکین سے نوازتی ہیں اسلام میں عبادت بہت وسیع مفہوم کے ساتھ ہے فرائض و واجبات کا لزوم اور ان کا تفوق اور تمام بھلائیوں میں ان کی اولیت بہر حال ہے فرض عبادات کے ساتھ ہر نیک کام، ہر کار خیر، ہر صداقت، ہر بھلائی اور ہر اچھائی پر یہ مفہوم محیط ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ عبادت کا انتظار بھی بجاے خود عبادت کی تعریف میں ہے اسی طرح نیک کام کا ارادہ اور نیت بھی موجب عطاے اجر و ثواب ہے اور جب نیک کام کا واقعی صدور ہو تو اس کا اجر دس تا ستر گنا زیادہ ہو جاتا ہے اور یہ محض مولیٰ تعالیٰ کا کرم خاص ہے اس کے بر عکس برائی کی نیت پر کچھ نہیں بلکہ برائی کے ظاہر ہونے پر گرفت اور سزا ہے۔ پھر بھی توبہ کے دروازے وا ہیں کہ بندہ عاصی تائب ہو کر عفو و کرم کامستحق بھی بن سکتا ہے۔ رمضان شریف کی عظمت و حرمت و تقدیس کا ایک اہم سبب اس مہینہ میں قرآن کریم کا نزول ہے۔ اپنے کلام پاک کو اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضور خاتم النبیین صاحب معراج محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سینہ اطہر پر اتارا اور اپنے بندوں کی ہدایت و نجات کا سامان فرمایا۔ نزول کلام حق تعالیٰ کی مناسبت سے اس ماہ مبارک کو افضال و اکرام، رحمت و مغفرت و نجات سے خاص کر دیا گیاہے۔ انھوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں قرآن حکیم کی تلاوت، سماعت، معانی و مفاہیم آیات ربانی کا سمجھنا سمجھانا اور احکام قرآنی پر خلوص دل سے عمل پیرا ہو جانے کا عزم و ارادہ اور عملاً اطاعت حق مسلمانوں کی سب سے بڑی خوش نصیبی، سعادت عظیم اور باعث برکات دائمی ہے۔ یہ بھی تمام مسلمانوں پر اللہ کا خاص کرم ہے کہ انھیں اپنے حبیب صاحب قرآن ؐ کے دامنِ رحمت سے وابستہ کر دیا۔ قرآن و صاحب قرآن ؐ سے اپنی نسبت پر مسلمان اللہ تعالیٰ کا جس قدر شکر ادا کریں کم ہے۔ شکر حق تعالیٰ کا بہترین طریقہ احکام قرآن اور ارشادات و سنت نبی اکرمؐ کی اطاعت و اتباع ہے۔اجلاسوں کے آخر میں بارگاہ رسالت مآبؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعا ئیں کی گئیں۔
اس پوسٹ کے لئے کوئی تبصرہ نہیں ہے.
تبصرہ کیجئے
نام:
ای میل:
تبصرہ:
بتایا گیا کوڈ داخل کرے:


Can't read the image? click here to refresh
http://st-josephs.in/
https://www.owaisihospital.com/
https://www.darussalambank.com

موسم کا حال

حیدرآباد

etemaad rishtey - a muslim matrimony
© 2024 Etemaad Urdu Daily, All Rights Reserved.